اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سرے پولیس سروس (SPS) نیوٹن کے علاقے میں پیش آنے والے توڑ پھوڑ کے ایک واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، جس میں نامعلوم افراد نے سڑک کنارے کھڑی نو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 15 جولائی کی صبح تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب 75 ایونیو اور 147 اے اسٹریٹ کے علاقے سے اطلاع موصول ہوئی کہ دو افراد کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ رہے ہیں۔اطلاع ملتے ہی سرے پولیس کی متعدد ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تاہم پولیس کی آمد سے قبل ہی دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے دوران نو گاڑیوں کی اگلی، پچھلی اور سائیڈ کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔تحقیقات کے دوران پولیس نے قریبی علاقوں میں نصب سرویلنس کیمروں کی ویڈیوز حاصل کر لی ہیں اور ملزمان کی شناخت میں عوامی مدد حاصل کرنے کے لیے ان کی تصاویر بھی جاری کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نوجوان اور پتلی جسمانی ساخت کے حامل ہیں۔
واردات کے وقت انہوں نے گہرے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے اور گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے لیے لاٹھی یا بیس بال بلے جیسی اشیاء استعمال کیں۔سرے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس اس واقعے یا مشتبہ افراد کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر 604-599-0502 پر سرے پولیس سروس سے رابطہ کرے تاکہ ملزمان کی گرفتاری میں مدد مل سکے۔