اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) شمالی اونٹاریو میں لگنے والی تباہ کن جنگلاتی آگ بدستور بھڑک رہی ہے، جبکہ اس سے اٹھنے والا دھواں صوبے کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر ہوا کے معیار کو متاثر کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے مطابق اگرچہ آج بعض علاقوں میں ہوا کے معیار میں عارضی بہتری متوقع ہے، تاہم شام تک دھواں دوبارہ پھیلنے کا امکان ہے اور یہ صورتحال ہفتے کے اختتام تک برقرار رہ سکتی ہے۔جنگلاتی آگ کے باعث شمالی اونٹاریو کی متعدد کمیونٹیز متاثر ہوئی ہیں، جن میں کولنز فرسٹ نیشن (نامیگوسیساگاگن فرسٹ نیشن) بھی شامل ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ مقامی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
صوبائی حکومت اور اسمبلی آف فرسٹ نیشنز نے کینیڈا کی وفاقی حکومت سے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب البرٹا سمیت دیگر صوبوں نے بھی آگ پر قابو پانے کے لیے اضافی فائر فائٹرز اور واٹر بمبار طیارے روانہ کیے ہیں۔حکام کے مطابق شمال مغربی اونٹاریو میں اس وقت جنگلات کی 136 آگیں لگی ہوئی ہیں، جن میں سے 63 پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا، جبکہ شمال مشرقی اونٹاریو میں مزید 44 مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے۔
کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اونٹاریو کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ضرورت پڑنے پر ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کی جائے گی۔