پی ٹی آئی نے ڈائریکشن بدل لی، اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی، محمد علی درانی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اور نئے صوبوں کے حق میں نکلے گی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی عوامی حمایت کھو چکی ہیں، دونوں جماعتیں اقتدار بچانے کی کوشش میں ہیں

سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سیاسی سمت تبدیل کرلی ہے اور اب وہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی بلکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی اور نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں آواز اٹھائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے پی ٹی آئی کو یہی مشورہ دے رہے تھے کہ اسے تصادم کی سیاست چھوڑ کر سیاسی میدان میں آنا چاہیے۔ ان کے مطابق اب پی ٹی آئی نے یہ بات سمجھ لی ہے اور موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی نے حکمت عملی بدل لی

محمد علی درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی جنگی مشین نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت ہے، اس لیے اسے تصادم کے بجائے حکومت کے خلاف سیاسی جدوجہد کرنی چاہیے۔ ان کے بقول پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے سے اسے سیاسی نقصان ہوا، تاہم اب پارٹی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے اب جتنی بھی کوشش کرلیں، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی۔ ان کے مطابق تحریک انصاف اب حکومت کے خلاف میدان میں آئے گی اور صوبوں کے قیام کے مطالبے کی حمایت کرے گی۔

’لندن پلان‘ جان بچاؤ پلان ہے

سابق وفاقی وزیر نے ’لندن پلان‘ کو جان بچاؤ پلان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد عوام سے اپنی جان، مال اور حکومت بچانا ہے۔ انہوں نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بحث پر کہا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی بل سامنے نہیں آیا لیکن پیپلز پارٹی نے معاملہ سنتے ہی شور مچانا اور ماحول بنانا شروع کردیا ہے۔

محمد علی درانی نے کہا کہ وہ بہاولپور اور ہزارہ صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں اور دیکھتے ہیں انہیں کون روکتا ہے، کیونکہ ان کے بقول ان صوبوں کی منظوری خود متعلقہ حلقوں کی جانب سے دی جا چکی ہے۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید

محمد علی درانی نے دعویٰ کیا کہ ووٹ بینک نہ ہونے کے باعث مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں الیکٹ ایبلز کے لیے پہلے جیسی کشش باقی نہیں رہی۔ ان کے مطابق انتخابات سے پہلے ان جماعتوں کا ووٹ بینک موجود نہیں تھا جبکہ اب سپورٹ بینک بھی ختم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں نہ معیشت کو درست کرسکیں اور نہ ہی عوام کو خاطر خواہ ڈیلیور کرسکیں، جس کے باعث عوام بھی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ ان کے بقول اگر اسٹیبلشمنٹ بھی ان کے ساتھ نہ رہی تو آئندہ انتخابات جیتنا ان کے لیے مشکل ہوگا۔

’اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں‘

سینئر سیاستدان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور عوام کا بڑا حصہ مڈل اور لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھتا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اب اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں بن چکی ہیں۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کے رہنماؤں کے جہازوں کا پٹرول چلتا رہا لیکن عام شہری کے لیے موٹر سائیکل کا پٹرول مہنگا کردیا گیا۔ ان کے مطابق ان جماعتوں کے رہنماؤں کے علاج بیرون ملک ہوتے ہیں جبکہ عوام اور نوجوان مشکلات کا شکار ہیں۔

’نظام کولیپس کرگیا‘

محمد علی درانی نے کہا کہ نظام کولیپس کرچکا ہے لیکن اسے کولیپس کرنے والے امیر ہوگئے ہیں۔ ان کے بقول ان لوگوں نے دبئی میں سرمایہ کاری کی، وہاں بھی مسائل پیدا ہوئے تو لندن منتقل ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اب ایک بوجھ اور لائیبیلٹی بن چکی ہے۔ ان کے مطابق دونوں جماعتوں کا عوام اور بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ رابطہ اور تعلق برقرار نہیں رہا۔

مولانا فضل الرحمن کا معاملہ

مولانا فضل الرحمن کے اپوزیشن کے ساتھ ملنے سے متعلق سوال پر محمد علی درانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے شامل ہونے سے زیادہ اہم یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا پی ٹی آئی بھی کمرے کے باہر مولانا کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال دلچسپ ہوگئی ہے کیونکہ سیاستدان اب میدان میں کھیل رہے ہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کوشش ہے کہ عوام میں اپنی مقبولیت بحال کی جائے اور اقتدار بھی بچا رہے۔

’پی ٹی آئی سازش کا شکار نہیں ہوگی‘

محمد علی درانی نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی بقا اسی میں ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے لڑتی رہے، تاہم تحریک انصاف نے یہ بات سمجھ لی ہے اور اب وہ اس سازش کا شکار نہیں ہوگی۔

ان کے مطابق پی ٹی آئی اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف باہر نہیں نکلے گی بلکہ حکومت کے خلاف، نئے صوبوں کے حق میں اور پیپلز پارٹی و مسلم لیگ (ن) کے خلاف سیاسی میدان میں اترے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے خیال میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دل سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]