اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں مسلسل طاقتور طوفانوں کے بعد موسم کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحرالکاہل سے آنے والے نئے موسمی نظام کے باعث صوبے کے ساحلی علاقوں، وینکوور آئی لینڈ اور جنوبی حصوں میں شدید بارشیں اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
تازہ موسمی پیش گوئی کے مطابق منگل اور بدھ کے روز بعض علاقوں میں بارش کی مقدار 250 ملی میٹر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ وینکوور آئی لینڈ کے مغربی اور وسطی حصوں، ہوو ساؤنڈ اور سی ٹو اسکائی کے علاقوں کے لیے اورنج وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ صوبائی ریور فورکاسٹ سینٹر نے جنوبی ساحلی علاقوں، وینکوور آئی لینڈ اور فریزر ویلی کے شمالی حصے سمیت متعدد علاقوں میں فلڈ واچ نافذ کر دی ہے۔
حکام کے مطابق مسلسل بارش سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث زمین کھسکنے اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیز بہاؤ والے دریاؤں کے کناروں سے دور رہیں اور زیر آب سڑکوں یا پلوں سے گزرنے کی کوشش نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں :برٹش کولمبیا میں دوسرے طوفان کے دوران درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق، دو گاڑیاں متاثر
گزشتہ طوفانوں نے پہلے ہی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا
برٹش کولمبیا میں گزشتہ جمعے سے آنے والے طوفانوں نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شدید ہواؤں کے باعث درخت گرنے، بجلی کی تاریں اور کھمبے متاثر ہونے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے واقعات پیش آئے۔ وینکوور آئی لینڈ کے علاقے زیبالوس میں سیلابی صورتحال کے باعث رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض مقامات پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے۔
طوفانی موسم کے دوران شمالی وینکوور آئی لینڈ کے قریب ایک کینو سوار بھی لاپتا ہوا، جبکہ میٹرو وینکوور میں درخت گاڑیوں پر گرنے کے واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی۔
شہر وینکوور کی انتظامیہ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر اضافی شیلٹرز کھولنے کا انتظام کیا ہے تاکہ شدید موسم سے متاثر ہونے والے افراد کو عارضی رہائش فراہم کی جا سکے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
