برٹش کولمبیا میں کنزرویٹو پارٹی کی ایک اور نشست پکی،دو حلقوں میں عدالتی گنتی کا فیصلہ

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں اکتوبر کے صوبائی انتخابات کی حتمی ووٹوں کی گنتی کے بعد کنزرویٹو پارٹی نے ایک اور نشست اپنے نام کرلی، تاہم دو انتخابی حلقوں میں امیدواروں کے درمیان انتہائی کم ووٹوں کے فرق کے باعث عدالتی دوبارہ گنتی ہونے جارہی ہے۔

حتمی نتائج کے مطابق برنابی ساؤتھ میٹرو ٹاؤن کے حلقے میں کنزرویٹو امیدوار ڈیوڈ ژی نے این ڈی پی کے موجودہ رکن پال چوئی کو شکست دے دی۔ حتمی گنتی سے قبل پال چوئی کو 66 ووٹوں کی برتری حاصل تھی، تاہم تقریباً 150 ہزار ڈاک، ٹیلی فون اور غیر حاضر ووٹوں کی گنتی کے بعد ڈیوڈ ژی نے 64 ووٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ اس حلقے میں ووٹوں کے معمولی فرق کے باعث خودکار دوبارہ گنتی بھی کرائی گئی۔

لڈی اسمتھ اوشین سائیڈ کے حلقے میں این ڈی پی کی موجودہ رکن اسٹیفنی ہیگنسن نے کنزرویٹو امیدوار کرس میک نیکول کو 50 ووٹوں سے شکست دی۔ ابتدائی نتائج میں کم فرق کے باعث یہاں بھی خودکار دوبارہ گنتی ہوئی، تاہم حتمی نتیجے کے بعد بھی دونوں امیدواروں کے درمیان فرق اتنا کم ہے کہ اب عدالتی دوبارہ گنتی لازمی قرار پائے گی۔ اس عمل کی نگرانی سپریم کورٹ کے جج کریں گے۔

اسی طرح کیلونا سینٹر کے حلقے میں بھی عدالتی دوبارہ گنتی کا امکان ہے، جہاں کنزرویٹو امیدوار کرسٹینا لووین نے این ڈی پی کے امیدوار لائل وولڈرج کو صرف 43 ووٹوں سے شکست دی ہے۔

برٹش کولمبیا میں دوسرے طوفان کے دوران درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق، دو گاڑیاں متاثر

دلچسپ بات یہ ہے کہ کیلونا سینٹر میں مسلسل دوسری مرتبہ انتخابی نتیجے کی تصدیق کے لیے عدالتی دوبارہ گنتی کی نوبت آئی ہے۔ 2024 کے انتخابات میں بھی کرسٹینا لووین کی کامیابی لائل وولڈرج کے خلاف عدالتی دوبارہ گنتی کے بعد برقرار رہی تھی۔

حتمی گنتی کے مطابق برٹش کولمبیا کی قانون ساز اسمبلی میں کنزرویٹو پارٹی کو 64، این ڈی پی کو 27 جبکہ گرین پارٹی کو دو نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

مجموعی عوامی ووٹوں میں کنزرویٹو پارٹی نے 47.4 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ این ڈی پی کو 37.6 فیصد اور گرین پارٹی کو 11.2 فیصد ووٹ ملے۔

برٹش کولمبیا میں عدالتی دوبارہ گنتی کے نتیجے میں انتخابی کامیابی تبدیل ہونا انتہائی غیر معمولی ہے۔ تاہم 2009 کے انتخابات میں ایسا واقعہ پیش آچکا ہے، جب آزاد امیدوار وکی ہنٹنگٹن نے ڈیلٹا ساؤتھ کے حلقے میں ابتدائی طور پر دو ووٹوں سے پیچھے ہونے کے باوجود دوبارہ گنتی کے بعد 32 ووٹوں سے کامیابی حاصل کرلی تھی۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]