کینیڈین ڈرامہ ’’ہیٹڈ رائیولری‘‘ کے مداحوں کیلئے بڑی خوشخبری، دو نئے سیزن اور فلم کی تیاریوں کی اطلاعات

اردوورلڈکیینڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے مقبول ڈرامے ’’ہیٹڈ رائیولری‘‘ کی کامیابی کے بعد اس کی کہانی کو مزید آگے بڑھانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ڈرامے کے مداحوں کو صرف دوسرے سیزن ہی نہیں بلکہ تیسرے سیزن اور ایک الگ فلم کی صورت میں بھی یہ کہانی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

کینیڈین نشریاتی ادارے سی بی سی کے مطابق تفریحی صنعت سے متعلق معروف اشاعتی ادارے ڈیڈلائن نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ڈرامے کے دوسرے اور تیسرے سیزن کی شوٹنگ بیک وقت جاری ہے۔ دونوں سیزنز میں چھ، چھ اقساط شامل ہونے کی اطلاعات ہیں اور ان کی فلم بندی دسمبر کے آغاز تک مکمل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوسرے سیزن کی اسٹریمنگ 2027 کے موسم بہار میں متوقع ہے، جسے کینیڈا میں کریو اور امریکا میں ایچ بی او میکس پر پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کی فلمی صنعت میں شاندار واپسی، فلمی پروڈکشن کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا

فلم بھی بڑے پردے پر آنے کا امکان

ڈرامے کے حوالے سے ایک اور اہم پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ اس کی دنیا پر مبنی ایک الگ فلم بھی بنائی جا سکتی ہے۔ ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ دسمبر میں شروع ہونے اور اسے دسمبر 2027 میں سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے۔ تاہم پروڈکشن کمپنی کریو نے تاحال ان اضافی منصوبوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

جیکب ٹیرنی کی تخلیق کردہ اس سیریز میں ہڈسن ولیمز اور کونر اسٹوری مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کہانی آئس ہاکی کے دو کھلاڑیوں شین ہولینڈر اور الیا روزانوف کے گرد گھومتی ہے، جن کے درمیان کھیل کے میدان کی رقابت کے ساتھ ایک پیچیدہ رومانوی تعلق بھی دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ برطانیہ، امریکا اور کینیڈا میں شائقین نے اس کی اقساط سینما گھروں میں بھی دیکھیں۔ سی بی سی کے مطابق منتخب سینما گھروں میں 16 نومبر کو پانچویں اور چھٹی قسط فور ڈی ایکس فارمیٹ میں دکھانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اگر نئے سیزنز اور فلم سے متعلق اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو ’’ہیٹڈ رائیولری‘‘ کینیڈین ٹیلی ویژن انڈسٹری کی ان کامیاب پروڈکشنز میں شامل ہو جائے گا جن کی مقبولیت ٹی وی اسکرین سے نکل کر سینما گھروں تک پہنچ چکی ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]