اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر، جامع حکمتِ عملی اور عوامی آگاہی نہایت ضروری ہیں۔
زلزلہ متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد دنیا بھر میں زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ پاکستان ہمیشہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر آفات سے متاثرہ افراد کے دکھ میں شریک رہا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ قدرتی آفات سے بروقت بچاؤ کے لیے پیشگی اطلاع کے نظام کو بہتر بنانا اور تعمیراتی شعبے میں حفاظتی اصولوں کو لازمی قرار دینا انتہائی اہم ہے، تاکہ ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ اکتوبر دو ہزار پانچ کا تباہ کن زلزلہ آج بھی قومی یادداشت کا حصہ ہے، جس میں تقریباً اسی ہزار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں تیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔ ان کے مطابق اس سانحے نے ملک کو گہرے سماجی، انسانی اور معاشی اثرات سے دوچار کیا، لیکن اسی کے ساتھ قوم کے حوصلے اور عزم کو بھی ظاہر کیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور عوامی آگاہی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں کمیونٹی سطح پر فوری امدادی تربیت، اسکولوں میں حفاظتی تعلیم کے پروگرام اور جدید نقشہ سازی کے نظام میں سرمایہ کاری شامل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایک محفوظ اور مضبوط مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے اور عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مشترکہ ذمہ داری کے تحت آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنائے۔