اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران جنگ میں امریکی فوجیوں کے جانی نقصان سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی اہلکاروں کی تعداد میں نمایاں اضافے کی تصدیق کر دی ہے۔
پینٹاگون کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم (DCAS) کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ایران کے خلاف جاری جنگ میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب حالیہ دنوں میں پینٹاگون کے جنگی نقصانات کے ریکارڈ پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے اور امریکی میڈیا و قانون سازوں کی جانب سے شفافیت کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
پینٹاگون نے ڈیٹا بیس اپ ڈیٹ کر دیا
امریکی محکمہ دفاع نے ہفتے کے روز اپنے جنگی نقصانات کے ڈیٹا بیس میں تبدیلی کرتے ہوئے 140 سے زائد نئے زخمی فوجیوں کا اندراج کیا، جبکہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 4 امریکی فوجیوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون نے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم میں ’’اوورسیز آپریشنز‘‘ کے نام سے ایک نئی کیٹیگری شامل کی ہے، جس میں 7 جولائی کے بعد بیرون ملک کارروائیوں کے دوران ہونے والے جانی نقصانات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
زخمی فوجیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ
رپورٹس کے مطابق ایران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے، جس کے بعد زخمی اہلکاروں کی مجموعی تعداد 624 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھں :ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، معاہدہ فوری نافذ العمل ہوگا
اس سے قبل پینٹاگون کے ریکارڈ میں زخمی فوجیوں کی تعداد 482 ظاہر کی جا رہی تھی، تاہم نئے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد اس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پینٹاگون کے مطابق ایران جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے 18 امریکی فوجیوں میں 11 کا تعلق امریکی آرمی، 6 کا ایئر فورس اور ایک کا نیوی سے ہے۔
کس شعبے کے کتنے اہلکار متاثر ہوئے؟
اعداد و شمار کے مطابق زخمی ہونے والے 624 اہلکاروں میں سے 461 امریکی آرمی، 86 نیوی، 19 میرین کور اور 58 ایئر فورس سے تعلق رکھتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق جنگی کارروائیوں کے دوران مختلف حملوں، ڈرون واقعات اور دیگر آپریشنز میں فوجیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ریکارڈ پر سوالات کیوں اٹھے؟
ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے دوران میڈیا اداروں اور کئی امریکی قانون سازوں نے پینٹاگون کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ ایرانی حملوں کے باوجود فوجی نقصانات کے اعداد و شمار کم ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
تنقید کے بعد پینٹاگون نے اپنے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کیا، تاہم امریکی میڈیا کے مطابق نئی ’’اوورسیز آپریشنز‘‘ کیٹیگری میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ تمام نقصانات کس مخصوص محاذ یا تنازع سے متعلق ہیں۔
ایرانی حملوں میں ہلاکتیں بھی شامل
رپورٹس کے مطابق نئی کیٹیگری میں شامل ناموں میں اردن میں ایرانی حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجی اور شمالی عراق میں ایرانی ڈرون کو ناکارہ بنانے کی کارروائی کے دوران مارے جانے والا ایک فوجی بھی شامل ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار نے ایران جنگ کے دوران امریکی فوج کو پہنچنے والے نقصان کی شدت کو نمایاں کر دیا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔