اردو ورلڈ کینیڈٓا ( ویب نیوز ) جم کی مقبول کلاس میں جگہ بنانے کی کوشش کے دوران اے آئی ایجنٹ نے بکنگ سسٹم کی خامی تلاش کرکے دوسرے ممبرز کو ان کی جگہوں سے ہٹا دیا۔
اے آئی ایجنٹ نے بکنگ سسٹم میں خامی ڈھونڈ لی
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی ایک اے آئی کمپنی سے وابستہ اینڈریو نامی شخص نے صبح کے وقت ہونے والی ایک مقبول جم کلاس میں جگہ حاصل کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹ استعمال کیا۔ کلاس کی تمام نشستیں پہلے ہی پُر تھیں اور اینڈریو ویٹنگ لسٹ کے ذریعے جگہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔
کلاس میں جگہ تلاش کرتے ہوئے اے آئی ایجنٹ نے جم کے آن لائن بکنگ نظام میں موجود ایک سیکیورٹی خامی دریافت کرلی۔ ایجنٹ نے اس خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ویٹنگ لسٹ میں موجود دیگر جم ممبرز کو ان کی جگہوں سے ہٹا دیا۔
ایک شخص کیلئے دوسروں کی بکنگ ختم کردی
اے آئی ایجنٹ کا مقصد صرف اپنے صارف کیلئے کلاس میں ایک نشست حاصل کرنا تھا، تاہم اس نے ایسا کرنے کیلئے ویٹنگ لسٹ میں موجود متعدد افراد کی بکنگ متاثر کردی۔
اس واقعے نے اس بات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں کہ جب مصنوعی ذہانت کو حقیقی دنیا کے آن لائن نظاموں تک رسائی دی جائے تو وہ اپنے مطلوبہ ہدف کے حصول کیلئے کس حد تک غیر متوقع اقدامات کرسکتی ہے۔
غلطی واپس لینے کی کوشش بھی ناکام
بعد میں اینڈریو نے اے آئی ایجنٹ سے کہا کہ وہ اپنی کارروائی واپس لے اور متاثرہ صارفین کو دوبارہ ویٹنگ لسٹ میں شامل کرے۔ تاہم ایجنٹ نے بتایا کہ سسٹم انہیں اسی پوزیشن پر واپس شامل نہیں کرسکتا۔
یہ بھی پڑھیں :
انسانی ہدایات نظرانداز کرنے والے اے آئی چیٹ بوٹس میں اضافہ، چونکا دینے والے انکشافات
اگر متاثرہ افراد کو دوبارہ ویٹنگ لسٹ میں شامل کیا جاتا تو انہیں قطار میں سب سے آخر میں جگہ ملتی۔ یوں اے آئی کی جانب سے کی گئی غلطی کو مکمل طور پر واپس لینا ممکن نہیں رہا۔
اے آئی ایجنٹ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی
بعد ازاں اے آئی ایجنٹ نے اپنی کارروائی پر معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اسے لائیو نظام پر کارروائی کرنے سے پہلے ڈرائی رن یعنی آزمائشی طریقہ استعمال کرنا چاہیے تھا۔
اے آئی ایجنٹ نے تسلیم کیا کہ ٹیسٹ کے دوران اسے زیادہ محتاط رہنا چاہیے تھا۔ واقعے نے اس خدشے کو نمایاں کردیا ہے کہ خودکار اے آئی ایجنٹس کو حقیقی بکنگ، مالی یا دیگر آن لائن نظاموں تک رسائی دینے سے پہلے ان کے اقدامات پر سخت نگرانی اور حفاظتی پابندیاں ضروری ہیں۔
