اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے عدالت کو غیر مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حکومت اپنے دستیاب وسائل اور اتحادیوں کے تعاون سے آئی سی سی کے اثر و رسوخ کو ختم کرنے کے لیے کام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جارح حکومتوں یا غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو امریکی آئین اور عدالتی نظام پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
مارکو روبیو نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس ادارے کی ان کارروائیوں کی مخالفت جاری رکھے گا جنہیں وہ اپنی خودمختاری اور اتحادیوں کے مفادات کے خلاف سمجھتا ہے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔
عدالت نے ان پر غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت کارروائی کی ہے، تاہم اسرائیل ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔آئی سی سی ایک آزاد بین الاقوامی عدالتی ادارہ ہے، اور اس کا وجود و دائرۂ کار اس کے رکن ممالک کے معاہدے کے تحت قائم ہے۔ کسی ایک ملک کی جانب سے اسے یکطرفہ طور پر ختم کرنا ممکن نہیں، البتہ امریکا اس کے خلاف سفارتی، قانونی یا پابندیوں جیسے اقدامات اختیار کر سکتا ہے۔