اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایرانی صدر کا خصوصی طیارہ اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر لینڈ ہوا، جہاں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی شامل تھے۔
پاکستان آمد پر ایرانی صدر کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے جبکہ توپوں کی سلامی دے کر معزز مہمان کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے فضائی سلامی بھی پیش کی جس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاسی ہوئی۔
ایرانی صدر جس طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچے، اس کا نام ’’میناب‘‘ ہے جو ایران میں ایک اسکول پر حملے میں شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں رکھا گیا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق صدر پزشکیان کے دورۂ پاکستان کا ایک اہم مقصد پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ان کے تعمیری سفارتی کردار پر شکریہ ادا کریں گے۔ اس دورے میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، تجارت، سرحدی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق صدر پزشکیان کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجود قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔