کینیڈا میں ٹیکس نادہندگی پر کروڑوں کے گھر نیلام، 17 لاکھ ڈالر مالیت کا مکان صرف 8 لاکھ 25 ہزار ڈالر میں فروخت

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر وینکوور میں مسلسل تین سال تک پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والے مالکان کے درجنوں مکانات اور دیگر جائیدادیں میونسپل ٹیکس نیلامی میں فروخت کے لیے پیش کر دی گئیں، جہاں کروڑوں ڈالر مالیت کی جائیدادیں اپنی سرکاری مالیت سے کہیں کم قیمت پر نیلام ہوئیں۔

وینکوور سٹی ہال میں بدھ کے روز ہونے والی سالانہ ٹیکس نیلامی میں ایسٹ وینکوور کی ونڈسر اسٹریٹ پر واقع ایک مکان 8 لاکھ 25 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا، جبکہ اس کی سرکاری تخمینہ شدہ مالیت 17 لاکھ ڈالر سے زیادہ تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مکان کی نیلامی کے لیے ابتدائی قیمت صرف 72 ہزار 51 ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

مکان کی ظاہری حالت انتہائی خستہ تھی، صحن میں گھاس اور جھاڑیاں بڑھی ہوئی تھیں، چھت کی پرانی لکڑی کی تہیں جگہ جگہ سے اکھڑ رہی تھیں جبکہ گھر کی پچھلی سیڑھیاں مکمل طور پر ٹوٹ چکی تھیں۔ اس کے باوجود سرکاری مالیت کے مقابلے میں کم قیمت پر فروخت ہونے کے باعث یہ نیلامی شرکا کی توجہ کا مرکز بنی۔

وینکوور کے مہنگے ترین علاقوں میں بھی جائیدادوں کی نیلامی

نیلامی میں صرف عام رہائشی مکانات ہی نہیں بلکہ کینیڈا کے مہنگے ترین رہائشی علاقوں میں واقع جائیدادیں بھی شامل تھیں۔ پوائنٹ گرے روڈ پر واقع دو ملحقہ مکانات، جن کی سرکاری مالیت بالترتیب تقریباً 50 لاکھ اور 60 لاکھ ڈالر تھی، 20 لاکھ اور 27 لاکھ 50 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئے۔

یہ دونوں مکانات جیریکو بیچ اور رائل وینکوور یاٹ کلب کے قریب واقع ہیں۔ اسی علاقے میں معروف ارب پتی کاروباری شخصیت چِپ ولسن کا تقریباً 7 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مالیت کا گھر بھی موجود ہے۔

نیلامی میں گھر خریدنے والوں کے لیے اہم شرط

تاہم ان جائیدادوں کی کم قیمت پر نیلامی کے ساتھ ایک اہم قانونی شرط بھی منسلک ہے۔ نیلامی کے بعد اصل مالکان کو ایک سال کی مہلت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے واجب الادا ٹیکس ادا کرکے جائیداد واپس حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں :کرایوں میں کمی اور سپلائی میں اضافہ، اوٹاوا کی ہائوسنگ مارکیٹ میں بہتری

اگر اصل مالک مقررہ مدت میں ٹیکس ادا کرکے جائیداد چھڑا لیتا ہے تو کامیاب بولی دینے والے شخص کو اس کی جمع کرائی گئی رقم 6 فیصد سالانہ سود کے ساتھ واپس کردی جاتی ہے۔

اگر ایک سال کے اندر جائیداد واپس نہ چھڑائی جائے تو کامیاب بولی دہندہ کو اپنی مکمل بولی کی باقی رقم 30 دن کے اندر ادا کرنا ہوتی ہے، جس کے بعد جائیداد کی ملکیت اسے منتقل ہو جاتی ہے۔

ریٹائرڈ نوٹری پبلک رون اشر نے خبردار کیا ہے کہ ٹیکس نیلامی ہر شخص کے لیے موزوں نہیں اور ناتجربہ کار افراد کو اس میں حصہ لینے سے پہلے قانونی پیچیدگیوں کو سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق بعض اوقات ٹیکس کی عدم ادائیگی جان بوجھ کر نہیں ہوتی بلکہ وراثت اور دیگر خاندانی معاملات بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں۔

116 جائیدادوں کی فہرست، نیلامی تک صرف 66 باقی رہ گئیں

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے نیلامی کے لیے 116 جائیدادوں کی فہرست جاری کی گئی تھی، تاہم بدھ کی صبح 10 بجے نیلامی شروع ہونے تک ان کی تعداد کم ہوکر 66 رہ گئی۔ نیلامی کے دوران مزید تین جائیدادوں کے مالکان نے واجب الادا ٹیکس ادا کردیا، جس کے بعد انہیں بھی نیلامی سے نکال دیا گیا۔

نیلامی میں شریک 30 سالہ شہری ڈیریئس وو نے اسے لاٹری ٹکٹ خریدنے جیسا تجربہ قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہاں کامیابی کی صورت میں فائدہ حاصل کرنے کا امکان موجود ہے اور بولی میں ناکامی پر فوری طور پر رقم ضائع نہیں ہوتی۔

دوسری جانب وینکوور کے معروف ریئل اسٹیٹ ایجنٹ شان ہولڈن نے ایسی نیلامیوں میں حصہ لینے کو وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عموماً اپنے گاہکوں کو اس عمل سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ان کے مطابق ٹیکس نیلامی میں فروخت ہونے والی جائیدادوں کی ملکیت کا عمل مکمل ہونے کے واقعات انتہائی کم ہوتے ہیں، تاہم وینکوور سمیت برٹش کولمبیا کی دیگر میونسپلٹیز میں بھی ہر سال ایسی نیلامیاں منعقد کی جاتی ہیں۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]