برطانوی وزیر کی پاکستان کی تعریف، امریکہ ،ایران جنگ بندی میں اہم کردار اد کا اعتراف

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )برطانیہ کے وزیر ہمیش فاکنر نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابل تعریف ہیں اور ایران میں جنگ بندی کے لیے ادا کیا گیا کردار بڑی خوشخبری ہے۔اپنے بیان میں ہمیش فاکنر نے کہا کہ پاکستان نے مشکل علاقائی حالات میں تعمیری سفارت کاری کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں امن کی کوششوں کو تقویت ملی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک خطے میں استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔برطانوی وزیر نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور حالیہ بجٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بجٹ کے حوالے سے حوصلہ افزا خبریں سامنے آئی ہیں، تاہم ملک کے بعض علاقوں میں لوگ اب بھی معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
ہمیش فاکنر نے پاکستان کے مختلف علاقوں کے اپنے دوروں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر میں بہتری دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان میں ترقی کے آثار نمایاں ہیں اور مختلف شعبوں میں پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور انہیں ملک کے ایسے علاقوں کا دورہ کرنے کا موقع ملا جہاں اکثر برطانوی پاکستانی بھی نہیں جا پاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے متنوع ثقافتی رنگ، لوگوں کی مہمان نوازی اور خوبصورت مناظر نے ان پر گہرا اثر چھوڑا۔برطانوی وزیر نے پاکستانی کھانوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی کھانے بے حد پسند ہیں۔ ان کے بقول پاکستان کا ثقافتی تنوع، مقامی روایات اور عوام کا خلوص اس ملک کو دنیا کے منفرد ممالک میں شامل کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]