اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے تین جنگی تباہ کن جہاز ایرانی حملوں کے باوجود کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گئے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی افواج نے امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم تمام میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملے ناکام بنا دیے گئے اور امریکی بحری جہاز مکمل طور پر محفوظ رہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے بھیجی گئی چھوٹی حملہ آور کشتیاں بھی تباہ کردی گئیں جبکہ کئی کشتیاں سمندر میں ڈوب گئیں۔
امریکی صدر کے مطابق امریکی دفاعی نظام نے داغے گئے میزائل فضا ہی میں تباہ کردیے جبکہ بغیر پائلٹ طیاروں کو بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معمول کا ملک عالمی بحری گزرگاہ میں اس قسم کی کارروائیاں نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت انتہا پسند سوچ رکھنے والے عناصر کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کا موقع ملا تو وہ اسے استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا، اسی لیے امریکا تہران کو ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
اپنے بیان میں امریکی صدر نے ایران کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے آج ایران کو “ناک آؤٹ” کردیا ہے، تاہم اگر تہران نے معاہدے پر دستخط نہ کیے تو اس سے بھی زیادہ سخت اقدامات کیے جائیں گے۔