اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں جاری طوفانی بارشوں کے دوران فوری نکاسی آب اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے واسا کے آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے اور مؤثر مانیٹرنگ کا نظام فعال رکھا جائے تاکہ شہری علاقوں میں پانی جمع نہ ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ نے برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کی ٹیموں کو بھی مکمل طور پر الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن لگانے کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اربن علاقوں میں بارش کا پانی ہر صورت کھڑا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ نہری نظام میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی بھی ضروری ہے۔
مزید ہدایات میں انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران تمام حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، اور تعمیراتی مقامات پر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
خستہ حال اور کمزور عمارتوں کی خصوصی نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری، اور شہریوں کو رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مؤثر رابطہ نظام قائم رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی پنجاب اور ٹریفک پولیس کو مکمل الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ چھت گرنے کے خطرات سے متعلق بروقت الرٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور تمام فیلڈ ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں