اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کے پارلیمانی اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ واشنگٹن کے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔قالیباف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کا جاری رہنا اور لبنان میں اسرائیلی حملوں میں اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ جنگ بندی کی شرائط پر عمل نہیں کر رہا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ امریکہ نہ صرف ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیوں اور ناکہ بندی کو برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ اپنے اتحادی اسرائیل کو لبنان میں فوجی کارروائیاں بڑھانے سے بھی نہیں روک رہا۔قالیباف کے مطابق بحری ناکہ بندی اور لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں میں اضافہ، امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی عدم پاسداری کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہر فیصلے کی ایک قیمت ہوتی ہے اور بالآخر اس کے نتائج سامنے آتے ہیں، وقت آنے پر تمام حقائق واضح ہو جائیں گے۔”ایرانی رہنما کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکہ، اسرائیل اور لبنان سے متعلق صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔مبصرین کے مطابق حالیہ بیانات نہ صرف علاقائی کشیدگی میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ جنگ بندی کے مستقبل اور سفارتی عمل کے حوالے سے بھی نئے سوالات پیدا کر سکتے ہیں۔