اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی فوج نے کہا ہے کہ ایران پر تازہ حملوں کے دوران ان ایرانی فورسز کو بھی نشانہ بنایا گیا جنہیں اردن میں تعینات امریکی فوجیوں پر حملوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق کارروائیوں میں ایرانی فوج کی ساحلی نگرانی کی تنصیبات، فضائی دفاعی نظام، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے مقامات کو ہدف بنایا گیا۔سینٹکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کرنا اور خطے میں امریکی افواج اور اتحادی مفادات کو لاحق خطرات کا خاتمہ کرنا ہے۔
امریکی فوج کے مطابق کارروائیاں پہلے سے طے شدہ اہداف کے خلاف کی گئیں، جن میں وہ فورسز بھی شامل تھیں جن پر اردن میں امریکی فوجیوں پر حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔امریکی حکام نے کہا کہ خطے میں امریکی افواج اپنے دفاع اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھیں گی، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے ان تازہ حملوں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔