اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے 6 اہم شرائط رکھ دی ہیں اور واضح کیا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے رویہ تبدیل نہ کیے جانے کی صورت میں آبنائے ہرمز کی بحالی ممکن نہیں ہوگی۔
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ذوالقدر کے مطابق آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی کا فیصلہ امریکا کے اقدامات اور رویے سے مشروط ہے۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ جنگ ہو یا مذاکرات۔ تہران اپنے بنیادی مؤقف اور قومی مفادات سے دستبردار نہیں ہوگا۔
ایران کی 6 شرائط کیا ہیں؟
دھمکیوں کا سلسلہ بند کیا جائے
ایرانی حکام کی جانب سے پیش کی گئی شرائط میں سب سے پہلے امریکا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایران کو کسی بھی وقت اور کسی بھی انداز میں دھمکانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ایرانی قوم کی توہین سے بھی گریز کیا جائے اور ایران کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال نہ کی جائے۔
جنگ کا مستقل خاتمہ
دوسری شرط کے طور پر ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف جاری جنگ کا مستقل خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ کسی عارضی جنگ بندی کے بجائے ایسا مستقل انتظام ضروری ہے جس کے تحت ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع نہ ہوں۔
بحری ناکہ بندی ختم
تیسری شرط ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے سے متعلق ہے۔ ایرانی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کی سمندری نقل و حرکت میں رکاوٹیں ختم کی جائیں اور آبنائے ہرمز کے اطراف میں موجود امریکی فوجی دباؤ کم کیا جائے۔
امریکی فوج کی واپسی
چوتھی شرط کے تحت ایران نے امریکی افواج کو ایران کے اردگرد کے علاقوں سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تہران کے مطابق خطے میں امریکی فوجی موجودگی ایرانی سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال معمول پر لانے کے لیے اس میں کمی ضروری ہے۔
جنگی میں پہنچنے والا نقصانات کا زالہ
پانچویں شرط میں ایران کو جنگ کے دوران پہنچنے والے نقصانات کا مکمل ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق نقصانات کا ازالہ کسی کمی یا شرط کے بغیر کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :
ایران نے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا،بات چیت کے لیے تیار ہیں،امریکہ
ایران پر پابندیوں کا خاتمہ
چھٹی شرط کے طور پر ایران نے اپنے خلاف عائد پابندیاں ختم کرنے اور ایرانی عوام کے منجمد اثاثے غیر مشروط طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ ایرانی عوام پر عائد پابندیاں غیر منصفانہ اور غیر قانونی ہیں اور انہیں ختم کیا جانا چاہیے۔
امریکا نے رویہ تبدیل نہ کیا تو آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ذوالقدر نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا نے اپنا موجودہ رویہ تبدیل نہ کیا تو آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر نہیں کھولا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ اور مذاکرات دونوں صورتوں میں اپنے بنیادی ارادوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ تہران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے معاملات پر کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور عالمی توانائی کی ترسیل میں اس کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔ اس راستے سے بڑی مقدار میں تیل اور دیگر توانائی کی مصنوعات عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش یا محدود آمدورفت عالمی تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
عمان کے ساتھ عارضی بحری راستے پر پیش رفت
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز میں عارضی جہاز رانی کے راستے کے حوالے سے عمان کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیش رفت کا عندیہ دیا تھا۔
عباس عراقچی کے مطابق ایران اور عمان عارضی بحری راستے سے متعلق ایک معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ ایرانی مسلح افواج نے آبنائے ہرمز میں ایک نیا راستہ بھی تیار کر لیا ہے۔
تاہم ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا تھا کہ نئے راستے کی تیاری کو آبنائے ہرمز کے مکمل طور پر دوبارہ کھلنے سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی کا فیصلہ کئی دیگر عوامل سے جڑا ہوا ہے۔
ایران امریکا مفاہمت کی خلاف ورزیوں کا ازالہ چاہتا ہے
عباس عراقچی نے امریکا پر مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ صورتحال واشنگٹن کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیں :
ایران امریکہ کشیدگی میں اضافہ ، خام تیل کی قیمتیں پھر بڑھنے لگیں
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کو پہلے مفاہمت کی یادداشت سے متعلق خلاف ورزیوں کا ازالہ کرنا ہوگا۔ ایران کا مؤقف ہے کہ کسی بھی نئے انتظام یا معاہدے کی بنیاد باہمی اعتماد اور سابقہ وعدوں کی پاسداری پر ہونی چاہیے۔
تہران کی جانب سے تازہ شرائط سامنے آنے کے بعد آبنائے ہرمز کی بحالی کے حوالے سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات مزید اہم ہوگئے ہیں۔ ایران نے ایک طرف عمان کے ذریعے عارضی بحری راستے پر پیش رفت کا عندیہ دیا ہے جبکہ دوسری جانب آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے لیے امریکا سے واضح ضمانتیں اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
