اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی تک اسلام آباد لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
ملتان میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں اضافے کے خلاف اپنے احتجاج اور لانگ مارچ سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
یہ بھی پڑھیں :
حکومت اور جماعت اسلامی میں بڑا بریک تھرو؟ عوامی ریلیف پیکیج پر اہم پیش رفت
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، ہماری شٹر ڈاؤن ہڑتال نے حکومت پر دباؤ ڈالا، پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کے لیے حکومت کو مختلف تجاویز دی گئیں لیکن حکومت کا کہنا تھا کہ وہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں اور لیوی کم نہیں کر سکتے؛ اگر آپ پیٹرول پر لیوی ختم نہیں کر سکتے تو ہم اپنا احتجاج کیسے ختم کریں؟ یہ ہمارا ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر غیر قانونی ٹیکس ختم کیے جائیں، ہم آج اپنا دھرنا ختم کر دیں گے۔
وزیراعظم کی جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کو ٹیلی فون، لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست
انہوں نے کہا کہ ہمارے مارچ سے قبل وزراء کے ساتھ تین سے چار دور کے مذاکرات ہوئے تھے، حکومت کی جانب سے دیا گیا ریلیف ناکافی ہے، ہم لانگ مارچ اور احتجاجی تحریک سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
حافظ نعیم کی قیادت میں جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ اسلام آباد روانہ
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہم سے مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ ملک واپسی پر ہم سے ملاقات کریں گے اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔ طویل مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب وزیراعظم پاکستان آئیں گے تو ہم ان سے ضرور بات کریں گے، لیکن ہم اپنی تحریک ترک نہیں کریں گے اور حکومت سے تحریری یقین دہانی طلب کریں گے۔
