اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایران کے لیے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور گہرے برادرانہ تعلقات موجود ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، عوامی روابط اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو جاری رکھنا انتہائی اہم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔