محمد امان اللہ
کیلگری، البرٹا، کینیڈا
اوٹاوا: 24 ستمبر 2026 — کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اوٹاوا میں پاکستانی نژاد انجینئرنگ پروفیشنلز اور پاکستان کی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد کے ساتھ ایک خصوصی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ نشست 23 ستمبر 2026 کو منعقد ہوئی، جس میں زیادہ تر اوٹاوا میں مقیم انجینئرنگ شعبے سے وابستہ افراد اور پاکستان کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) کے سابق طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب میں UET لاہور، UET پشاور اور UET ٹیکسلا کے سابق طلبہ بھی شریک ہوئے۔ کینیڈین رکن پارلیمنٹ اسلم رانا، جو خود UET لاہور کے فارغ التحصیل ہیں، نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد پروفیشنلز کی سماجی اور معاشی ترقی میں نمایاں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے کینیڈا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان انجینئرنگ، ہائی ٹیک اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
شرکاء نے اپنے پیشہ ورانہ تجربات اور مہارتوں کی روشنی میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تکنیکی اور علمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق اس طرح کے روابط بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ و تکنیکی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماخذ: ہائی کمیشن آف پاکستان، اوٹاوا
