اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے، تاہم میزائلوں کا ملبہ شہر کے نواحی علاقوں میں دو مختلف مقامات پر گرا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے دونوں میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا، جس کے بعد ان کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا۔
سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ملبہ گرنے کے مقامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلا مقام صبوحہ گاؤں ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ دوسرا مقام وادی المغمس ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
سعودی عرب کا حوثی ملیشیا پر میزائل حملوں کا الزام
سعودی سول ڈیفنس نے جمعرات کی علی الصبح جاری بیان میں ان میزائل حملوں کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کیا اور کہا کہ شہری آبادیوں اور مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب پر حوثیوں کے تین ڈرون حملے ناکام، مدینہ منورہ کی جانب آنے والا ڈرون بھی مار گرایا گیا
بیان میں حوثیوں کے اس اقدام کو خطرناک جارحانہ رویے کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔
حوثیوں کا مؤقف سامنے نہ آسکا
واقعے کے بعد میزائل داغے جانے کے حوالے سے سعودی عرب کے الزامات پر حوثی ملیشیا کا ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ حملے اور اس کی ذمہ داری سے متعلق آزادانہ تصدیق بھی تاحال نہیں ہوسکی۔
سعودی حکام کے مطابق دونوں میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا تھا، تاہم ان کے ملبے کے گرنے کے مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے۔
