مونٹریال میں یومِ یادگاری پر سابق فوجیوں کو مفت پارکنگ کے باوجود جرمانے، سٹی کونسلر بھی متاثر

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر مونٹریال میں یومِ یادگاری (Remembrance Day) کے موقع پر سابق فوجیوں کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت کے باوجود متعدد افراد کو پارکنگ ٹکٹ جاری کردیے گئے، جن میں فوجی ریزرو فورس کے رکن اور سٹی کونسلر اسٹرلنگ ڈاؤنی بھی شامل ہیں۔ پارکنگ کی ذمہ دار شہری ایجنسی نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے کی منسوخی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے کا اعلان کردیا ہے۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق مونٹریال میں 3 سے 11 نومبر تک یادگاری فوجی نمبر پلیٹس رکھنے والی گاڑیوں کو سڑک کنارے قائم پارکنگ میٹرز پر مفت پارکنگ کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس سہولت کے باوجود متعدد سابق فوجیوں کی گاڑیوں پر جرمانے کے ٹکٹ چسپاں کردیے گئے۔

سٹی کونسلر کو بھی گاڑی پر جرمانے کا ٹکٹ مل گیا

پروجے مونٹریال (Projet Montréal) سے تعلق رکھنے والے سٹی کونسلر اور فوجی ریزرو فورس کے رکن اسٹرلنگ ڈاؤنی نے بتایا کہ وہ پیر کی شام اپنی گاڑی کے پاس واپس پہنچے تو ونڈ اسکرین پر پارکنگ جرمانے کا ٹکٹ موجود تھا، حالانکہ ان کی گاڑی پر سابق فوجیوں کی خصوصی یادگاری نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔

ڈاؤنی ان افراد میں شامل تھے جنہوں نے 2022 میں سابق فوجیوں کے لیے مفت پارکنگ کی اس سہولت کے اجرا میں کردار ادا کیا تھا۔ ان کے مطابق خود اس قانون کو متعارف کرانے میں مدد دینے کے باوجود جرمانہ ملنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ متعلقہ اداروں کے درمیان قواعد و ضوابط سے متعلق رابطے میں مسائل موجود ہیں۔

30 سال سے زائد فوجی خدمات انجام دینے والے میجر کو بھی 100 ڈالر جرمانہ

اسی روز ایک اور سابق فوجی میجر بینوا لیوے کو بھی 100 ڈالر کا پارکنگ جرمانہ موصول ہوا۔ وہ ریجمنٹ ڈی میزنوف (Régiment de Maisonneuve) میں 30 سال سے زائد خدمات انجام دے چکے ہیں۔

میجر لیوے نے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں پارکنگ کے لیے تقریباً 8 ڈالر ادا کیے تھے، تاہم بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ یادگاری فوجی نمبر پلیٹ رکھنے والے سابق فوجیوں کو 3 سے 11 نومبر تک مفت پارکنگ کی سہولت حاصل ہے، جس کے بعد انہوں نے پارکنگ کی ادائیگی کی تجدید نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں :کینیڈا میں یومِ یادگاری تقریب کے دوران طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ جاں بحق

ان کے مطابق جب وہ رات تقریباً ساڑھے 8 یا 9 بجے اپنی گاڑی کے پاس واپس پہنچے تو وہاں 100 ڈالر جرمانے کا ٹکٹ موجود تھا۔ وہ بھی اسی فوجی تقریب میں شریک ہوئے تھے جہاں مونٹریال کے میئر کو اعزاز سے نوازا جارہا تھا۔

پارکنگ ایجنسی نے غلطی تسلیم کرلی

مونٹریال کی ایجنسی برائے پائیدار نقل و حرکت (Agence de mobilité durable) نے اسٹرلنگ ڈاؤنی کو جاری کیے گئے جرمانے کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ٹکٹ کی منسوخی کے لیے متعلقہ شہری حکام سے رابطہ کرے گی۔

ایجنسی کے مطابق قانونی طور پر پارکنگ جرمانہ منسوخ کرنے کا اختیار صرف عدالت کے پاس ہے، اس لیے ادارہ خود براہ راست ٹکٹ منسوخ نہیں کرسکتا۔

ایجنسی نے مزید تصدیق کی کہ سابق فوجیوں کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت مونٹریال کے 2026 کے ٹیرف بائی لا کے تحت بدستور نافذ ہے اور پارکنگ قوانین پر عمل درآمد کرنے والے اہلکاروں کو اس استثنیٰ اور اس کی شرائط سے آگاہ کیا گیا تھا۔

ادارے نے مستقبل میں ایسی غلطیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، تاہم میجر بینوا لیوے کو جاری کیے گئے جرمانے کے بارے میں تاحال تصدیق نہیں کی گئی کہ آیا وہ بھی غلطی سے جاری ہوا تھا یا نہیں۔

مفت پارکنگ کے قواعد سے متعلق آگاہی پر سوالات

اس واقعے کے بعد یہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ سابق فوجیوں کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت سے متعلق معلومات پارکنگ اہلکاروں اور شہریوں تک کس حد تک واضح انداز میں پہنچائی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ ایک شہری نے ایجنسی سے رابطہ کیا تو اسے ای میل کے ذریعے بتایا گیا کہ ادارے کو رواں سال کے انتظامات کی باضابطہ تصدیق موصول نہیں ہوئی۔ شہری کو مشورہ دیا گیا کہ وہ سڑک پر نصب پارکنگ پابندیوں کے بورڈز پر عمل کرے اور جہاں ضروری ہو وہاں پارکنگ فیس ادا کرے۔

اسٹرلنگ ڈاؤنی کا کہنا ہے کہ شہری قوانین کے بارے میں واضح معلومات متعلقہ اہلکاروں تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ سابق فوجیوں کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سابق فوجیوں کو جرمانے چیلنج کرنے کا مشورہ

ڈاؤنی نے ان تمام سابق فوجیوں سے اپیل کی ہے جن کی گاڑیوں پر یادگاری فوجی نمبر پلیٹس موجود تھیں اور انہیں 3 سے 11 نومبر کے دوران پارکنگ جرمانے جاری ہوئے، وہ ان ٹکٹوں کو چیلنج کریں، خواہ یہ معاملہ 2022 سے متعلق ہی کیوں نہ ہو۔ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری دستاویزی معاونت حاصل کرنے کے لیے ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

سٹی کونسلر نے مفت پارکنگ کی سہولت کو صرف یادگاری ہفتے تک محدود رکھنے کے بجائے پورا سال جاری رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

دوسری جانب میجر بینوا لیوے، جو ریجمنٹ ڈی میزنوف ویٹرنز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اور خزانچی بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ سابق فوجیوں کے لیے پارکنگ کی آسانی محض پیسے بچانے کا معاملہ نہیں بلکہ انہیں ایک دوسرے سے ملنے اور سابق فوجی بیرکوں میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے سے بھی جڑا ہے۔

ان کے مطابق مونٹریال سے باہر رہنے والے کئی سابق فوجی اپنی سابقہ فوجی بیرکوں میں ہونے والی ملاقاتوں میں شرکت کے لیے آتے ہیں، لیکن پارکنگ کی مشکلات ان کے لیے رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ مفت یا کم نرخوں پر پارکنگ کی سہولت انہیں زیادہ آسانی سے ایک دوسرے سے ملنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے۔

کینیڈا کے ادارے سوسائٹی ڈی لَاسورانس آٹوموبائل ڈو کیوبیک (SAAQ) کے مطابق اہل سابق فوجی رائل کینیڈین لیجن کے ذریعے خصوصی یادگاری نمبر پلیٹس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ اہلیت کا تعین بھی یہی تنظیم کرتی ہے۔ گاڑی کی سالانہ رجسٹریشن فیس معمول کے مطابق برقرار رہتی ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]