پاک امریکہ کی آٹھ دہائیوں پر محیط شراکت داری باہمی اعتماد اور تعاون پر قائم ہے،شہباز شریف

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی 250ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات انسداد دہشت گردی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت، زراعت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط اور مستحکم ہیں۔

امریکی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی آٹھ دہائیوں پر محیط شراکت داری باہمی اعتماد اور تعاون پر قائم ہے، جو وقت کے ساتھ مزید وسعت اختیار کر رہی ہے۔

انہوں نے امریکا کی تاریخ کو امید، عزم اور ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے، خاص طور پر اس وقت جب قیامِ پاکستان کے بعد امریکا نے ابتدائی طور پر پاکستان کو تسلیم کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں معاونت فراہم کی۔

وزیراعظم کے مطابق تربیلا ڈیم، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سبز انقلاب کے فروغ اور تعلیمی شعبے کی بہتری میں امریکا کا کردار نمایاں رہا ہے، جس سے پاکستان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی طلبہ نے امریکی جامعات سے تعلیم حاصل کی اور آج مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً دس لاکھ پاکستانی نژاد امریکی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط انسانی اور سماجی پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ تقریباً اسی بڑی امریکی کمپنیاں پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو دوطرفہ معاشی تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کی بڑی فری لانس افرادی قوت رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ پاکستانی ڈاکٹر اور ماہرین امریکا سمیت مختلف ممالک میں انسانی خدمت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور امریکا نے تاریخ کے اہم مواقع پر ایک ساتھ کام کیا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات عالمی و علاقائی سطح پر اہمیت رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کو خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ایک مخلص ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس اعتماد کے اظہار پر دونوں ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹالی بیکر کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی فعال سفارت کاری نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں