پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ،لاہور کی فضائی آلودگی میں بھی کمی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم سرد ہوگیا، جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ دوسری جانب لاہور میں ہونے والی بوندا باندی اور ہواؤں کے باعث فضائی آلودگی کی سطح میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شام سے چلنے والی ہواؤں اور مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش اور بوندا باندی کے باعث ملک کے کئی حصوں میں موسم تبدیل ہوگیا ہے۔ لاہور میں فضائی معیار میں بہتری آئی ہے اور شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کم ہوکر 111 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے مختلف اوقات میں بعض مقامات پر بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد جبکہ رفتار تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل، آج سے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

بہاولپور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی

لاہور میں آلودگی کی سطح کم ہونے کے باوجود بہاولپور کی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 520 تک پہنچ گیا ہے، جو فضائی آلودگی کی انتہائی بلند سطح کو ظاہر کرتا ہے۔

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسم سرما کی پہلی برفباری

دوسری جانب خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے۔

بابوسر ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث بیسر سے آگے راستے بند ہوگئے، جبکہ خراب موسم کے باعث دو آئل ٹینکر بھی پھنس گئے ہیں۔ اپر ہنزہ کے پہاڑوں اور خنجراب پاس پر بھی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]