اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)حکومت پاکستان نے سکوک بانڈز کے اجرا کے عمل کو آسان، شفاف اور تیز بنانے کے لیے نئی ایسٹ رجسٹری کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت سرکاری اور نجی اثاثوں کا مرکزی ریکارڈ مرتب کیا جائے گا اور ان کی ملکیت، مالیت اور قانونی حیثیت کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مجوزہ کمپنی سکوک بانڈز کے اجرا کے لیے استعمال ہونے والے اثاثوں کی رجسٹریشن، تصدیق اور نگرانی کی ذمہ دار ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد سکوک کے اجرا میں درپیش قانونی اور انتظامی پیچیدگیوں کو کم کرنا اور اثاثوں سے متعلق معلومات کو ایک مرکزی نظام کے تحت محفوظ بنانا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکوک کے لیے استعمال ہونے والے تمام اثاثوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق روایتی بانڈز کے برعکس سکوک سود پر مبنی نہیں ہوتے بلکہ حقیقی اثاثوں کی ملکیت سے منسلک ہوتے ہیں، اس لیے ہر اثاثے کی شناخت اور ملکیت ثابت کرنا ضروری ہے۔
موٹرویز، عمارتیں اور پاور پلانٹس مرکزی رجسٹری میں شامل ہوں گے
مجوزہ نظام کے تحت موٹرویز، سرکاری عمارتوں، پاور پلانٹس اور زمین سمیت دیگر اثاثوں کا مکمل ریکارڈ مرکزی رجسٹری میں محفوظ کیا جائے گا۔
ہر اثاثے کی ملکیت، موجودہ مالیت اور اس پر موجود کسی بھی قرض، رہن یا قانونی دعوے کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ سکوک کے اجرا کے دوران اثاثوں کی قانونی حیثیت واضح رہے۔
یہ بھی پڑھیں :5سرکاری املاک گروی ،سکوک بانڈ جاری کرنے کا فیصلہ
آئی ایم ایف سے بھی مجوزہ فریم ورک پر بات چیت ہوگی
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور لاء ڈویژن مشترکہ طور پر نئی کمپنی کے قیام کے لیے قانونی اور شرعی فریم ورک تیار کریں گے۔
مجوزہ کمپنی کے قیام اور اس کے طریقہ کار سے متعلق فریم ورک آئی ایم ایف کو بھی بھیجا جائے گا، جس پر حتمی مشاورت اور بات چیت کی جائے گی۔
حکومت پاکستان کے اس اقدام سے سکوک بانڈز کے اجرا کے لیے اثاثوں کی دستیابی، ملکیت اور قانونی حیثیت کی جانچ پڑتال ایک مرکزی نظام کے تحت لانے کی راہ ہموار ہوگی۔
