اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے عبدالرحمان الحذیفی نے مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے، صبر سے کام لینے اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہر حال میں صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنی چاہیے اور اسی سے ڈرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات اور آزمائشوں میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لیے اجر عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔خطبہ حج میں امام مسجد نبوی ﷺ نے کہا کہ توحید پر عمل ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور نبی کریم ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کیا جائے کیونکہ ظلم اور ناشکری کرنے والی قوموں سے نعمتیں چھین لی جاتی ہیں۔
انہوں نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ وہ نماز قائم کریں، ذکرِ الٰہی اور عبادات میں مصروف رہیں اور ہر وقت مغفرت کی دعائیں کرتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حج کے دوران لڑائی جھگڑے اور ہر ایسے عمل سے گریز کیا جائے جو امت مسلمہ کے اتحاد کو نقصان پہنچائے۔عبدالرحمان الحذیفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حالات پر رحم فرمائے، ان کے اعمال قبول کرے اور پوری امت مسلمہ کو ہدایت عطا فرمائے۔لاکھوں حجاج کرام نے میدان عرفات میں خطبہ حج سنا جبکہ خطبے کے بعد مسجد نمرہ میں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئی۔