اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران کے ساتھ ممکنہ امن مذاکرات اور خارجہ پالیسی معاملات سے بظاہر الگ کرتے ہوئے امریکا کے اندرونی معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، جبکہ انہوں نے اپنے نائب صدر کو ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم، فراڈ اور کرپشن کے خلاف مہم کی قیادت کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ جنگ ختم کرانے کی کوششوں میں ممکنہ کردار ادا کررہے تھے اور امریکی میڈیا میں ان کی ایرانی حکام کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایک روز قبل رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ آمنے سامنے امن مذاکرات کے امکان پر غور کررہے ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے تازہ بیان نے ان قیاس آرائیوں کو تقویت دی ہے کہ وائٹ ہاؤس فی الحال ایران کے ساتھ مذاکرات کے بجائے داخلی سیاسی اور انتظامی معاملات کو ترجیح دے رہا ہے۔
ٹرمپ کا ایران کے ساتھ معاہدے سے انکار
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں اور اب وہ وقت گزر چکا ہے جب واشنگٹن کو تہران کے ساتھ کسی سمجھوتے کی ضرورت محسوس ہوتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں :امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ مواخذے سے بچ گئے،ری پبلکنز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے وزیر کے خلاف تحریک ناکام بنا دی
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس ایران کے اربوں ڈالر موجود ہیں اور آبنائے ہرمز بھی اس کے کنٹرول میں ہے۔ ان کے اس بیان سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کے مؤقف میں سختی کا اظہار ہوتا ہے۔
جے ڈی وینس کو ڈیموکریٹس کے خلاف مہم کی ذمہ داری
ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کے معاملے کے بجائے امریکا کے اندرونی مسائل پر اپنی مکمل توجہ مرکوز کریں، بالخصوص ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ، جرائم اور کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کریں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والی مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پاکر ملکی بجٹ کو تیزی سے متوازن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ قیادت پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے سخت تنقید بھی کی۔
مڈٹرم انتخابات میں شکست کے بعد وینس کا جنگ سے فاصلہ
جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں ایران کے ساتھ جنگ کو مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں سے ایک قرار دیا تھا۔ ڈیموکریٹس کے ہاتھوں انتخابی نقصان کے بعد نائب صدر نے خود کو جنگ کے معاملے سے نسبتاً دور کرلیا تھا۔
جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں ٹرمپ کی جانب سے انہیں داخلی معاملات کی ذمہ داری سونپنے کو امریکی سیاست میں ان کے آئندہ کردار کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ٹرمپ کے تازہ بیان سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وائٹ ہاؤس ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے بجائے اس وقت داخلی سیاسی محاذ پر زیادہ توجہ دینے کا خواہاں ہے۔
