اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) البرٹا حکومت نے توانائی سے حاصل ہونے والی اضافی آمدنی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لیے نئے "البرٹا انرجی ریبیٹ” پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تقریباً 34 لاکھ اہل البرٹنز کو 100 ڈالر فی فرد فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ پروگرام یکم جولائی 2026 سے شروع ہوگا اور اس کا مقصد تیل کی بلند قیمتوں سے حاصل ہونے والی اضافی آمدنی کو شہریوں تک پہنچانا ہے تاکہ وہ ایندھن، گروسری، یوٹیلیٹیز اور دیگر گھریلو اخراجات میں درپیش مالی دباؤ کا مقابلہ کر سکیں۔
پریمیئر ڈینیئل اسمتھ نے کہا کہ تیل کی بلند قیمتوں کے اثرات صرف پٹرول تک محدود نہیں رہتے بلکہ روزمرہ زندگی کی متعدد ضروریات کی لاگت میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ ان کے بقول انرجی ریبیٹ توانائی کی اضافی آمدنی کو براہ راست عوامی ریلیف میں تبدیل کرتا ہے اور خاندانوں کو اپنی ضرورت کے مطابق رقم استعمال کرنے کی آزادی دیتا ہے۔
حکومت کے مطابق 18 سال یا اس سے زائد عمر کے وہ رہائشی جو 2025 کا ٹیکس ریٹرن جمع کرا چکے ہیں اور جن کے گھرانے کی سالانہ آمدنی 225 ہزار ڈالر یا اس سے کم ہے، ریبیٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ درخواستیں یکم جولائی سے ایک محفوظ آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی، جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 ہوگی۔
یہ بھی پڑھین
البرٹا حکومت آگ پر قابو پانے میں مدد کے لیے سامان اور عملہ لاس اینجلس بھیجے گی
اس پروگرام کے تحت اہل دو بالغ افراد پر مشتمل گھرانے کو مجموعی طور پر 200 ڈالر ملیں گے، جبکہ ایک ہی گھر میں رہنے والے دیگر اہل بالغ افراد یا 18 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے اضافی 100 ڈالر فی فرد ادا کیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ امداد ایندھن کے استعمال سے مشروط نہیں ہوگی اور شہری اپنی ضرورت کے مطابق اسے گروسری، بلوں، کرائے یا دیگر گھریلو اخراجات پر خرچ کر سکیں گے۔
البرٹا حکومت نے واضح کیا ہے کہ البرٹا سینئرز بینیفٹ، اے آئی ایس ایچ، البرٹا ڈس ایبلٹی اسسٹنس پروگرام اور انکم سپورٹ حاصل کرنے والے افراد کو ادائیگی کے لیے خودکار طور پر شامل کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ یہ ریبیٹ قابلِ ٹیکس نہیں ہوگا اور اس سے کسی بھی موجودہ سماجی یا وفاقی امدادی پروگرام کے فوائد متاثر نہیں ہوں گے۔
وزیر خزانہ جیسن نکسن نے کہا کہ جب تیل کی قیمتیں بلند ہوتی ہیں تو اس کے اثرات ہر شہری محسوس کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اضافی آمدنی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے۔ ان کے مطابق انرجی ریبیٹ خاندانوں کو فوری اور قابلِ اعتماد مالی مدد فراہم کرے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ بھی تیل کی قیمتیں بلند رہتی ہیں تو البرٹا کے شہریوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔