اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا نے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل کینیڈین سیاست دانوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے اقدامات انتخابی مداخلت کے زمرے میں آئے تو واشنگٹن جواب دے گا۔
کینیڈا میں امریکی سفیر پیٹ ہوئکسٹرا نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں کہا کہ امریکی حکام کینیڈین سیاست دانوں کی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا وہ امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کی جانب سے چلائے گئے سیاسی اشتہارات کو بھی انتخابی مداخلت کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے تجارتی مذاکرات ختم کر دیے
اکتوبر 2025 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات اس وقت ختم کر دیے تھے جب اونٹاریو نے ورلڈ سیریز کے دوران ایک اشتہار نشر کیا۔ اس میں سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کے بیانات کے اقتباسات شامل تھے، جن میں انہوں نے درآمدی محصولات پر تنقید اور آزاد تجارت کی حمایت کی تھی۔
ٹرمپ کینیڈا کے معاملات میں مداخلت کے الزامات کے باوجود خود بھی کینیڈین حکومت اور ملک کی خودمختاری سے متعلق متعدد متنازع بیانات دے چکے ہیں۔ بدھ کو ایریزونا کے شہر بل ہیڈ سٹی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بن جانا چاہیے۔
ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا بالآخر امریکا کی 51ویں ریاست بن جائے گا کیونکہ ان کے بقول یہی واحد طریقہ ہے جس سے معاملات چل سکتے ہیں۔ انہوں نے کینیڈین ڈیری مصنوعات پر محصولات پر بھی تنقید کی اور جھیل اونٹاریو کے امریکی حصے کا نام تبدیل کرنے کے اپنے اقدام کا ذکر کیا۔
جولی اور ٹروڈو کے بیانات بھی زیرِ بحث
امریکی سفیر نے کینیڈا کی وزیر صنعت میلانی جولی اور سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق بھی ممکنہ انتخابی مداخلت کے معاملے سے جوڑا جا سکتا ہے۔
ہوئکسٹرا نے کینیڈین سیاست دانوں کو خبردار کیا کہ وہ امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل امریکی سیاست سے دور رہیں۔
جسٹن ٹروڈو نے 22 ستمبر کو براؤن یونیورسٹی میں گفتگو کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے صارفین کے لیے قیمتیں بڑھانے والے اقدامات کر رہا ہے، لیکن اس سے امریکی مفادات میں بہتری نہیں آ رہی۔ انہوں نے کینیڈا کو امریکا کے قدیم ترین اور بہترین اتحادیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تنازعات پر سوال اٹھایا۔
کینیڈین وزیر صنعت کا دوٹوک جواب
میلانی جولی نے بدھ کو امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کبھی امریکی انتخابات میں مداخلت نہیں کرتا اور نہ ہی اپنے ملک میں کسی دوسرے ملک کی ایسی مداخلت قبول کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں :امریکہ کینیڈا تجارتی جنگ کا اثر ، گروسری سمیت دیگر اشیا مہنگائی ہونے کا مکان
انہوں نے وضاحت کی کہ امریکا کے حالیہ دوروں کا مقصد امریکی کمپنیوں کو کینیڈا میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنا تھا۔ ان کے مطابق وہ مختلف امریکی کمپنیوں کی جانب سے کینیڈا میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی توقع رکھتی ہیں اور یہی حکمت عملی آئندہ بھی جاری رکھیں گی۔
ہوئکسٹرا نے واضح کیا کہ امریکی حکام صورتحال کی نگرانی اور اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر کسی سرگرمی کو انتخابی مداخلت قرار دیا گیا تو امریکا اس کا جواب دے گا۔
وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کی دونوں ایوانوں پر نظر
امریکی وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے، جن میں ایوان نمائندگان کی تمام نشستوں اور سینیٹ کی تقریباً ایک تہائی نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔ اس وقت ریپبلکن پارٹی کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل ہے، تاہم مختلف جائزوں میں ڈیموکریٹس کی جانب سے یہ اکثریت حاصل کرنے کے امکانات پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کے صوبے البرٹا میں علیحدگی کی تحریک اور اس سے متعلق امریکی روابط بھی زیرِ بحث رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریپبلکن سیاسی کارکن رواں سال البرٹا میں علیحدگی کی مہم سے وابستہ سرگرمیوں میں شریک ہوئے، جبکہ البرٹا کے علیحدگی پسند گزشتہ سال واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے دفاتر میں ہونے والی ملاقاتوں میں بھی شریک ہوئے تھے۔
اگست میں کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے امریکی مذاکراتی ٹیم کے غیر معقول مطالبات کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ دوبارہ شروع ہونے والے تجارتی مذاکرات ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس طرح دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اختلافات اور انتخابی مداخلت سے متعلق بیانات نے دوطرفہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا کر دیا ہے۔
