اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کی کال کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے شہری وقاص احمد کی درخواست پر سماعت کی اور معاملے کو اہم آئینی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان سے بھی معاونت طلب کرلی۔
چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز طلب
عدالت نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔
ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کیا ہے۔
درخواست گزار نے کیا مؤقف اختیار کیا؟
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل اسلام آباد میں کاروبار کرتا ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کے اعلان سے شہریوں اور کاروباری طبقے کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار اس معاملے میں کس طرح متاثرہ فریق ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ احتجاج اسلام آباد لانے کا منصوبہ ہے جس کے باعث شہر میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔
زیر التوا مقدمات کا حوالہ
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے لیے جن معاملات کو بنیاد بنایا جا رہا ہے، ان میں سے متعدد پہلے ہی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر زیر التوا مقدمات کی بنیاد پر احتجاج کو جواز تسلیم کرلیا جائے تو ملک کے ہر شہری کو اپنے مقدمات کے لیے سڑکوں پر آنے کی اجازت دینا پڑے گی۔
2024 کے احتجاج کا حوالہ
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے 2024 کے پی ٹی آئی احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی تھی اور احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی نے ڈائریکشن بدل لی، اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی، محمد علی درانی
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر موجودہ احتجاج کو پرامن قرار دیا جا رہا ہے تو ماضی کے واقعات کو بھی سامنے رکھنا ہوگا۔
سرکاری مشینری کے استعمال پر سوال
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے کارکن وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ سرکاری مشینری استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد آئیں گے؟
وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ ایسا ہی ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ کا 21 نومبر 2024 کا خط بھی عدالت میں پیش کیا اور دعویٰ کیا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے باوجود ماضی میں سرکاری مشینری استعمال کی گئی۔
دباؤ کے ذریعے ریلیف لینے کا دعویٰ
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج کے ذریعے سیاسی اور انتظامی دباؤ پیدا کرکے عدالتی معاملات میں ریلیف لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے عدالت کے سامنے سوال اٹھایا کہ اگر لاکھوں افراد اسلام آباد پہنچ جائیں تو کیا حکومت احتجاج کے دباؤ میں عدالت سے اپیلوں میں سزا معطل کرنے کی ہدایت دے سکتی ہے؟
معاملہ آئینی بحران قرار
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کیس کی نوعیت کو اہم قرار دیتے ہوئے معاملے کو آئینی بحران سے تشبیہ دی اور تمام متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
10 ستمبر کو دوبارہ سماعت
عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو آئندہ سماعت پر معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے متعلقہ حکام کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی
