اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی محکمۂ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ بھارت میں قائم منظم جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے جرائم کے سلسلے میں دنیا بھر سے 24 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں کینیڈا سے تین افراد بھی شامل ہیں۔ ان جرائم میں برٹش کولمبیا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کا قتل بھی شامل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق بھارت کی جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے مبینہ قریبی ساتھی ستیندرجیت سنگھ المعروف گولڈی برار پر الزام ہے کہ انہوں نے جون 2023 میں برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں واقع ایک گوردوارے کے باہر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا حکم دیا تھا۔
مجموعی طور پر 37 ملزمان کے خلاف دائر فردِ جرم میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے نمایاں جرائم کا مقصد بھارتی برادری کے افراد میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔
فردِ جرم کے مطابق نومبر 2023 میں لارنس بشنوئی نے وینکوور میں ایک معروف بھارتی اداکار اور گلوکار کے گھر پر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ اس نے فیس بک پر پنجابی زبان میں ایک پیغام میں دھمکی دیتے ہوئے لکھا تھا کہ "تمہیں ہم سے کوئی نہیں بچا سکتا۔”
امریکی محکمۂ انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ "آپریشن ہارڈ بال” کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تقریباً ایک ہزار کلوگرام کوکین اور ایک درجن آتشیں اسلحہ بھی قبضے میں لیا ہے۔
محکمے کے مطابق بشنوئی گینگ اپنی سرگرمیوں کے لیے منشیات کی اسمگلنگ سے مالی وسائل حاصل کرتا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ نومبر 2024 میں لارنس بشنوئی اور گولڈی برار نے 49 کلوگرام کوکین کی ایک کھیپ کی نقل و حمل کی نگرانی کی، جسے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ضبط کر لیا گیا۔ یہ منشیات کینیڈا بھیجی جانی تھیں۔