وزیر اعلیٰ کی پنجاب میں بڑے روڈ منصوبوں کی منظوری، متعدد اہم شاہراہوں کی تعمیر کا فیصلہ

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے کے اہم اور بڑے سڑک منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں ملتان وہاڑی روڈ کو صوبے کی پہلی گرد و غبار سے پاک سڑک قرار دیتے ہوئے اس کی بروقت اور معیاری تعمیر پر زور دیا گیا۔ بتایا گیا کہ اس منصوبے کی بنیادی تہہ اور ذیلی تہہ مکمل ہو چکی ہے جبکہ سڑک کی اوپری تہہ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل فور منصوبے کی منظوری دی جبکہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے مختلف مراحل کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ وزیرآباد روڈ سے سیالکوٹ پسرور روڈ تک رنگ روڈ کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں بھکر، لیہ اور تھل کے علاقوں کو ایم فور موٹروے سے منسلک کرنے کے لیے تھل ایکسپریس وے کے مجوزہ منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ راولپنڈی میں سگنل فری کوریڈور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں سات انڈر پاس اور ایک اوورہیڈ پل تعمیر کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملتان وہاڑی روڈ سمیت تمام جاری منصوبوں کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام سڑک منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں اور تیس جون تک تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں سڑکوں کے شعبے میں دو ہزار ایک سو تینتالیس منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں سے دو سو اٹھاون تکمیل کے مراحل میں ہیں، جبکہ چار سو باسٹھ سکیموں میں سے تین سو چھہتر مکمل ہو چکی ہیں اور باقی پر کام جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بارہ ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے اور دیہی علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ کھیت سے منڈی اور صنعت سے مارکیٹ تک رسائی بہتر ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مساوی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر شہر اور ہر گاؤں تک سڑکوں کی تعمیر ضروری ہے، جبکہ لاہور سیاحت شاہراہ منصوبے میں شجرکاری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں