2023 میں تحریک انصاف مضبوط حکومت بنائے گی ،عمران خان

 

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سال 2022 بیک وقت بہترین اور بدترین تھا۔
رب العزت پر بھروسہ ہے تحریک انصاف 2023 کے انتخابات کے ذریعے ایک مضبوط جماعت ہوگی اورحکومت قائم کرے گی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سال 2022 بہترین اور بدترین تھا، بہترین معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو ذاتی مفادات کی بنیاد پر سازش کے ذریعے ہٹایا گیا اور ملک ایک مجرم گروہ کے حوالے کیا گیا اس گروہ نے معیشت کو تباہ کر دیا، خود کو NRO-2 دیا اور نیب قوانین میں ترامیم کے ذریعے تمام وائٹ کالر مجرموں کے لیے لوٹ مار کا دروازہ کھول دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سال بہترین رہا کیونکہ اس دوران میں نے پاکستانی عوام کو ایک قوم بنتے دیکھا، اس کے باوجود ملک کی تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف متحد ہوگئیں۔ تحریک انصاف نے غیر معمولی عوامی حمایت کے ساتھ ضمنی انتخابات میں 75 فیصد کامیابی حاصل کی اور خود کو ایک حقیقی قومی جماعت کے طور پر منوایا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج قومی منظر نامے پر شدید مایوسی کے باوجود خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث مجھے اللہ تعالیٰ پر یقین ہے اور اپنی قوم پر بھروسہ ہے کہ تحریک انصاف بلاشبہ انتخابات کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی۔

ہمیں فالو کریں