اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران اور امریکا کے درمیان قطر میں جاری مذاکرات کے حوالے سے ایرانی میڈیا نے اہم پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان بعض اہم نکات پر پیشرفت ہوئی ہے اور فریقین نے سفارتی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی اور متنازع امور کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ایرانی ذرائع کے مطابق بات چیت کا ماحول ماضی کے مقابلے میں زیادہ مثبت رہا۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ قطر نے مذاکرات میں اہم سہولت کار کا کردار ادا کیا جبکہ دیگر علاقائی ممالک نے بھی پس پردہ سفارتی کوششیں جاری رکھیں۔تاحال امریکی حکام کی جانب سے مذاکرات میں پیشرفت سے متعلق باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سفارتی حلقے اس پیشرفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات مختلف علاقائی اور جوہری معاملات کے باعث کشیدہ رہے ہیں، جبکہ ثالثی کوششوں میں قطر، پاکستان اور دیگر ممالک متحرک رہے ہیں۔