زیارت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، 2 ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار شہید

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 2 ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس افسران اور اہلکار شہید ہو گئے۔

ایس پی زیارت قدوس دہوار کے مطابق حملہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔

شہداء کی میتیں ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین، ایس ایچ او کاوس صحبت خان، اے ٹی ایف انچارج ہیڈ کانسٹیبل سیف اللہ اور دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں۔

معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ ضلع زیارت میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی، بلوچستان پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی، خصوصی آپریشن ونگ اور انسداد دہشت گردی فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔

شاہد رند کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں بلوچستان پولیس کے 9 افسران و اہلکار شہید ہوئے، جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی میتیں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال زیارت منتقل کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، جبکہ ایسے بزدلانہ حملے ملک کے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب، 20 افراد کے مبینہ اغوا کے خلاف ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس پر شہریوں نے قومی شاہراہ احتجاجاً بند کر دی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مانگی ڈیم کے زیر تعمیر ٹینکی پر تعینات پولیس اہلکاروں سمیت 20 سے زائد افراد کو نامعلوم مسلح افراد اغوا کر کے لے گئے، جبکہ پانچ مغوی اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

قومی شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اغوا کیے گئے تمام افراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں