اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور لیجنڈری بیٹر یونس خان نے کہا ہے کہ ہ پاکستان کرکٹ کے فروغ اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چا ہتا ہوں ۔
انہوں نے یہ بات کے ایچ اے لیجنڈ ارینا، گلشن اقبال میں یونس خان اکیڈمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
طاقت نہیں، کام کرنے کی آزادی چاہیے
یونس خان نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ وہ کسی عہدے یا اختیار کے خواہش مند ہیں۔ صرف ایسا کردار درکار ہے جس میں وہ آزادانہ ماحول میں پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا یا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ایک ایسی خودمختار ٹیم تشکیل دی جائے جو کرکٹ کے فروغ، بہتری اور مضبوطی کے لیے مؤثر انداز میں کام کرے۔
پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنانا چاہتا ہوں
سابق کپتان نے کہا کہ وہ اپنی کرکٹنگ مہارت اور تجربے کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنا اور پاکستان کرکٹ کو مزید کامیاب اور مضبوط بنانا ہے تاکہ قومی ٹیم عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکے۔
کراچی سے میرا خاص تعلق ہے
یونس خان نے کہا کہ اگرچہ ان کا تعلق بنیادی طور پر خیبرپختونخوا سے ہے لیکن انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ کراچی میں گزارا اور ان کا تعلق ملیر کے علاقے سے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
بابر کے سوا کپتانی کے لیےکوئی آپشن نہیں، یونس خان
انہوں نے اپنے ابتدائی کرکٹ سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب وہ کرکٹ سیکھنے کے لیے بسوں کی چھتوں پر سفر کیا کرتے تھے اور سخت مشکلات کا سامنا کیا۔
راشد لطیف کی رہنمائی کبھی نہیں بھول سکتا
یونس خان نے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دنوں میں انہوں نے بے لوث انداز میں ان کی رہنمائی اور سرپرستی کی جس کی بدولت وہ قومی اور عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
میں نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی
یونس خان نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری کرکٹ زندگی میں کبھی جوڑ توڑ یا ذاتی مفاد کی سیاست نہیں کی، بلکہ ہمیشہ حق اور سچ کے لیے آواز بلند کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی موقع پر انہوں نے اختلاف کیا تو اس کا مقصد صرف پاکستان کرکٹ کے مفاد کا تحفظ تھا۔
کراچی کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا میرا مشن ہے
سابق کپتان نے کہا کہ کراچی بے پناہ کرکٹ ٹیلنٹ کا شہر ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر ممکن طریقے سے اس شہر کے نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کی جائے۔
مزید پڑھیں:
بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفق الرحیم نےپاکستان کےیونس خان کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا
انہوں نے کہا کہ یونس خان اکیڈمی کے ذریعے کراچی میں چھپے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور شخصیات سے بھی اپیل کی کہ وہ کراچی کے کرکٹ انفراسٹرکچر اور نوجوان ٹیلنٹ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔