البرٹاپریمیئر کے دفتر کے سربراہ کی فرسٹ نیشنز کے سربراہان پر سخت تنقید، نیا تنازع کھڑا ہوگیا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)البرٹا کے پریمیئر ڈینیئل اسمتھ کے دفتر کے سربراہ بروس میک ایلسٹر نے مقامی اقوام کے سربراہان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پریمیئر پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی برادریوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں، جو ان کے بقول غربت، منشیات اور تشدد جیسے مسائل کا شکار ہیں۔

بروس میک ایلسٹر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مقامی اقوام کے سربراہان کو البرٹا کے مجوزہ علیحدگی کے عوامی ریفرنڈم پر پریمیئر کو غداری کا مرتکب قرار دینے کے بجائے اپنے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سربراہان بچگانہ طرزِ عمل اختیار کر رہے ہیں اور ان کی ترجیحات ایسی ہیں کہ یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا وہ کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق عوام ان کے غیر حقیقت پسندانہ مطالبات سے تنگ آ چکے ہیں۔

میک ایلسٹر کا کہنا تھا کہ اگر ان کی برادریاں خوشحالی، امن، مضبوط خاندانی نظام اور جوابدہی کی مثال ہوتیں تو شاید ان کے مطالبات قابلِ قبول ہوتے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی اقوام کی برادریوں کو منشیات کی لت، نشہ آور ادویات کی زیادہ مقدار سے اموات، رہائش کے مسائل، غربت، بے روزگاری، سرکاری امداد پر انحصار، ناقص تعلیمی نتائج، بچوں کی سرکاری تحویل میں زیادہ شرح اور گھریلو تشدد جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

میک ایلسٹر نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پریمیئر اور صوبائی حکومت ان سنگین مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں اور اس سلسلے میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے یہ بیانات تنازع کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم اگر ان مسائل پر بات نہ کی جائے تو حقیقت سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہوگا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب البرٹا بھر کی مقامی اقوام کی نمائندہ تنظیم نے ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا کہ وہ کینیڈا کی وفاقی پولیس سے مطالبہ کرے گی کہ آیا 19 اکتوبر کو ہونے والا مجوزہ علیحدگی کا عوامی ریفرنڈم پریمیئر ڈینیئل اسمتھ اور ان کی جماعت کی جانب سے مجرمانہ غداری کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں۔

مقامی اقوام کے سربراہان کا مؤقف ہے کہ اس ریفرنڈم کا انعقاد معاہدوں کی دانستہ خلاف ورزی ہے اور اس سے کینیڈا کی خودمختاری کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ہمیں فالو کریں