پاکستان کے کہنے پر ایران پر فیصلہ کن حملہ روکا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کا منصوبہ بعض پاکستانی شخصیات کی درخواست پر روکا گیا۔

ان کے مطابق یہ شخصیات ایران کے بہت قریب تعلقات رکھتی ہیں، اور ان کی مداخلت کے بعد انہوں نے حملہ روکنے کا فیصلہ کیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کا صبر اب ختم ہوتا جا رہا ہے۔

ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تہران کے ساتھ معاملات میں بار بار پیش رفت کے باوجود اگلے ہی روز صورتحال تبدیل ہو جاتی ہے، اور ان کے مطابق ایران کے رویے میں سنجیدگی کی کمی ہے۔ انہوں نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ایرانی قیادت پر تنقید بھی کی۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چین کے دورے سے واپسی پر انہوں نے ائیر فورس ون میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ جنگ بندی کے مکمل طور پر حق میں نہیں تھے، تاہم دیگر ممالک کے دباؤ پر انہوں نے اس پر رضامندی ظاہر کی۔ ان کے مطابق یہ جنگ بندی پاکستان کے لیے ایک رعایت تھی۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے انہیں حملے سے روکنے اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر آمادہ کیا۔ ٹرمپ کے مطابق ان رہنماؤں نے کہا کہ وہ معاملے کو ڈیل کے ذریعے حل کروا سکتے ہیں۔

چین کے دورے کو ٹرمپ نے کامیاب اور تاریخی قرار دیا۔ ان کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان اہم تجارتی معاہدے طے پائے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔

جوہری امور سے متعلق گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو بیس سال کے لیے معطل کرنے پر انہیں اعتراض نہیں، تاہم اس کے لیے ایران کو سنجیدہ اور حقیقی عزم دکھانا ہوگا۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ جوہری ہتھیاروں میں کمی اور تائیوان کے مسئلے پر بھی بات چیت کا ذکر کیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کی تائیوان سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور انہیں فی الحال تائیوان پر کسی بڑے تنازع کا امکان نظر نہیں آتا۔ ان کے مطابق اس وقت تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے کی منظوری بھی زیر غور نہیں۔

دوسری جانب انہوں نے افریقہ میں داعش کے ایک اہم کمانڈر کی ہلاکت کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق امریکہ اور نائیجیریا کی مشترکہ کارروائی میں ابو بلال المنوکی مارا گیا، جو داعش کا عالمی سطح پر دوسرا بڑا کمانڈر سمجھا جاتا تھا۔

ٹرمپ کے مطابق یہ دہشت گرد افریقہ میں چھپ کر سرگرم تھا اور امریکی انٹیلی جنس اس کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے بعد داعش کے عالمی نیٹ ورک کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور اب وہ امریکہ کے خلاف منصوبہ بندی نہیں کر سکے گا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں