اردوورلڈکیینڈا(ویب نیوز)کینیڈا میں آن لائن منشیات کے مبینہ کاروبار کے خلاف جاری ایک طویل تحقیقات نے ایک ایسے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے جس میں کروڑوں ڈالر کی رقم، متعدد بینک اکاؤنٹس اور درجنوں کمپنیوں کے استعمال کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
یہ تحقیقات مارچ 2023 میں ایک غیر معمولی واقعے سے شروع ہوئیں، جب وینکوور پولیس نے ایک شخص کو اے ٹی ایم سے متعدد بینک کارڈز کے ذریعے رقم نکالتے ہوئے گرفتار کیا۔
تلاشی کے دوران اس شخص کے قبضے سے 66 بینک کارڈز اور 39 ہزار 200 ڈالر نقد رقم برآمد ہوئی، جس نے تفتیش کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
تحقیقات کا دائرہ ملک بھر تک پھیل گیا
رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) کے سائبر کرائم یونٹ نے بعد ازاں کینیڈا کے مالیاتی نگرانی ادارے FINTRAC کے تعاون سے تحقیقات شروع کیں۔تفتیش کاروں کے مطابق یہ معاملہ مبینہ طور پر ایسے آن لائن پلیٹ فارمز سے جڑا ہوا تھا جہاں بھنگ (Cannabis) اور سائلو سائ بن مشرومز (Psilocybin mushrooms) سمیت دیگر ممنوعہ مصنوعات فروخت کی جا رہی تھیں۔
حکام کا الزام ہے کہ اس نیٹ ورک نے رقم کو مختلف کمپنیوں اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کر کے اس کے اصل ذرائع کو چھپانے کی کوشش کی۔
15 لاکھ ڈالر سے زائد رقم کا الزام
برٹش کولمبیا حکومت کے سول فورفیچر ڈائریکٹر نے مارچ 2026 میں عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا، جس میں ان اکاؤنٹس میں موجود رقم ضبط کرنے کی درخواست کی گئی جہاں مبینہ طور پر غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم منتقل ہوئی۔
تفتیشی افسر سارجنٹ رابن کرچلے کے حلف نامے کے مطابق تین افراد، جن میں میاں بیوی جیمز شیربک اور روزا محمدی جبکہ نوح ایوز شامل ہیں، پر الزام ہے کہ انہوں نے نومبر 2024 سے جنوری 2026 کے دوران مبینہ طور پر 15 لاکھ ڈالر سے زائد رقم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کی۔حکام کے مطابق یہ رقم ہزاروں الیکٹرانک منی ٹرانسفرز کے ذریعے درجنوں اکاؤنٹس تک پہنچائی گئی۔
رقم چھپانے کا طریقہ کیا تھا؟
تحقیقات کے مطابق آن لائن خریدار پہلے مصنوعات خریدنے کے لیے الیکٹرانک منی ٹرانسفر کرتے تھے۔تفتیشی افسر کے مطابق یہ رقم پہلے مختلف وفاقی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں جاتی، جس کے بعد اسے افراد کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاتا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے مبینہ طور پر رقم کے اصل ذرائع کو چھپانے کی کوشش کی جاتی رہی۔
یہ بھی پڑھیں :ایئر کینیڈا پائلٹ کی جعلی اسناد کا انکشاف، دہائیوں پر محیط مبینہ فراڈ بے نقاب
گودام سے بھاری مقدار میں بھنگ برآمد
تحقیقات کے دوران پولیس اور کمیونٹی سیفٹی یونٹ کے اہلکاروں نے جولائی 2025 میں برنابی کے ایک گودام کا معائنہ کیا۔رپورٹ کے مطابق وہاں سے 200 کلوگرام سے زائد خشک بھنگ، بھنگ سے تیار کردہ مصنوعات، سائلو سائ بن مصنوعات، پیکنگ کا سامان اور شپنگ مواد برآمد کیا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ گودام کسی قانونی کاروباری مرکز کی طرح منظم نہیں تھا، تاہم وہاں بڑے پیمانے پر بھنگ کی تقسیم کے شواہد ملے۔
اے ٹی ایم نگرانی اور مشکوک سرگرمیاں
پولیس دستاویزات کے مطابق تفتیش کاروں نے نوح ایوز کی نگرانی بھی کی۔رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 میں پولیس نے دیکھا کہ وہ وینکوور میں مختلف بینکوں کے اے ٹی ایمز پر گیا، جن میں آر بی سی، سی آئی بی سی، ٹی ڈی بینک اور اسکوٹیا بینک شامل تھے۔پولیس نے دو دن تک اس کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا تاکہ مبینہ مالیاتی سرگرمیوں کے شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔
عدالت میں مقدمہ
برٹش کولمبیا حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ مقدمہ سول فورفیچر کا معاملہ ہے، فوجداری مقدمہ نہیں۔حکام کے مطابق اس کارروائی میں کسی فرد پر جرم عائد نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی کو عدالت نے مجرم قرار دیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ عدالت میں صرف یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ضبط کی جانے والی جائیداد یا رقم غیر قانونی سرگرمیوں سے منسلک ہے۔
غیر قانونی آن لائن مارکیٹ کے خلاف کارروائیاں
برٹش کولمبیا کے کمیونٹی سیفٹی یونٹ کے مطابق 2018 سے اب تک غیر قانونی بھنگ کے خلاف کارروائیوں میں 43 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی مصنوعات ضبط کی جا چکی ہیں۔ادارے کے مطابق ہزاروں غیر رجسٹرڈ آن لائن اسٹورز کی تحقیقات کی گئی ہیں، جن میں سے بڑی تعداد کو بند کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اونٹاریو میں پولیس کرپشن تحقیقات: سابق کینیڈین اولمپیئن کے مبینہ منشیات نیٹ ورک سے نئے روابط سامنے آگئے
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن غیر قانونی منشیات کی فروخت کے طریقے مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں، اسی لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اپنی حکمت عملی کو جدید بنا رہے ہیں۔تاہم اس کیس میں نامزد افراد نے الزامات سے انکار کیا ہے، جبکہ تحقیقات اور عدالتی کارروائی آئندہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔